کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے اگر کوئٹہ کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں خدمت کا موقع دیا تو عوام کومایوس نہیں کریں گے،عوام 28دسمبر کو ووٹ دیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما و سابق سٹی صدر نورالدین کاکڑ، یونین کونسل 38، وارڈ 2 کے نامزد امیدوار حاجی شفیق نورزئی، پی پی پی کے سینئر رہنما ایڈوکیٹ ہاشم خان کاکڑ، ملک سیف اللہ کاکڑ، نعمت خان اچکزئی، یعقوب مہمندنے حلقہ یونین کونسل 38، وارڈ 2 میں ایڈووکیٹ ہاشم خان کاکڑ کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی کارنر میٹنگ میں علاقائی معززین اور مشران نے شرکت کی اور پی پی پی کے نامزد امیدوار حاجی شفیق نورزئی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔نورالدین کاکڑ اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 دسمبر کو پی پی پی کے جیالے، علاقائی معززین اور مشران اپنے خاندان اور فیملی سمیت بھرپور انداز میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی حلقے کی خدمت کی ہے اور ان شاء اللہ اس دفعہ بھی ذرغون ٹاؤن سمیت تمام ٹاؤنز کے چیئرمین اور میئر کوئٹہ بھی پیپلز پارٹی کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ زرغون ٹاؤن کے ناظم بنے تو انہوں نے کوئٹہ شہر کے بنیادی مسائل حل کیے اور تقریباً 400 غریب و مستحق نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دنوں حلقہ پی بی 41 میں ایم پی اے نہ ہوتے ہوئے بھی بے شمار ترقیاتی کام کیے جن میں بلیک ٹاپ، سیوریج، ٹپ ٹائل، سٹریٹ لائٹس اور دیگر کام شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام 28دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں انشاء اللہ پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی اور کوئٹہ میں یکساں بنیادوں پرترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے گا اورعوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔

