سڈنی واقعے کے بعد ایشیز کے تیسرے ٹیسٹ میں سکیورٹی سخت کرنیکا فیصلہ

ایڈیلیڈ (این این آئی)سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا جس کے پیش نظر حکام نے اضافی حفاظتی اقدامات کی تصدیق کر دی ہے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایڈیلیڈ اوول کے اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی جائے گی۔ اس حوالے سے ساؤتھ آسٹریلیا کے پولیس کمشنر گرانٹ اسٹیونز کے مطابق سکیورٹی رسپانس سیکشن کو تعینات کیا جا رہا ہے، جس میں اعلیٰ تربیت یافتہ پولیس اہلکار شامل ہوتے ہیں اور انہیں اضافی اسلحہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔پولیس کمشنر کے مطابق رسپانس سیکشن چند سال قبل قائم کیا گیا تھا جو عوامی مقامات پر سکیورٹی کے فرائض انجام دیتا ہے،یہ یونٹ اسٹیڈیم کے اطراف تعینات رہے گا اور شائقینِ کرکٹ کی حفاظت یقینی بنائے گا۔ساؤتھ آسٹریلیا کے وزیرِ اعلیٰ پیٹر مالیناؤسکاس نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران اضافی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، پولیس پہلے ہی اسٹیڈیم انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔واضح رہے کہ سڈنی کے ساحلی علاقے میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں