کوئٹہ(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی اور سینیٹر جان محمد بلیدی رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے کوئٹہ میں نیشنل پارٹی پی بی 43 کے رابطہ آفس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رابطہ آفس عوام سے براہِ راست رابطے کو مضبوط اور مؤثر بنانے کا ذریعہ ہوتا ہے، جہاں عوام اپنے مسائل شکایات اور تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔ نیشنل پارٹی ایک سیاسی جمہوری جماعت ہے جو سیاسی عمل کو سماجی ترقی اور عوامی خوشحالی کا واحد راستہ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں علاقے کے عوام اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ ووٹ عوام کی امانت ہے اور اس کا درست استعمال سیاسی پختگی اور شعوری بلندیوں کی علامت ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ اور ووٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے فارم 47 مسلط کیا گیا۔ بدقسمتی سے اس ملک میں عوام ووٹ تو کاسٹ کرتے ہیں لیکن ان کے اوپر جعلی ووٹوں کو فوقیت دی جاتی ہے، جس سے جمہوری عمل مجروح ہوتا ہے۔ عوام کا سیاسی عمل میں منظم اور فعال کردار ہی انتخابی دھاندلی کو روک سکتا ہے۔نیشنل پارٹی قاہدین نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، عوامی حقوق اور پائیدار سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

