بلوچستان میں زراعت شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہائیڈروپونکس ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا فیصلہ

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی حکومت کی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز، نامزد اراکین کمیٹی، صوبائی وزرائاور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہائیڈروپونکس کی سہولیات کے قیام اور باغبانی کے فروغ کے ایک اہم منصوبے کی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے میں بلوچستان کے دس اضلاع میں شروع کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی کامیابی اور مؤثر نتائج کی بنیاد پر اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہائیڈروپونکس جیسے جدید زرعی نظام کم پانی کے استعمال کے ساتھ زیادہ پیداوار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں جو بلوچستان جیسے خشک اور پانی کی قلت سے متاثرہ صوبے کے لیے نہایت موزوں ہیں منصوبے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اجلاس کے دوران صوبے میں جاری آبپاشی کے منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا متعلقہ حکام نے بلوچستان میں زیر تعمیر اور مختلف مراحل میں موجود ڈیمز کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی جس میں منصوبوں کی رفتار، تکمیل کی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم پانی میں زیادہ پیداوار جدید زراعت کی بنیادی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ہائیڈروپونکس منصوبہ بلوچستان کے کسانوں کے لیے نئی معاشی راہیں کھولے گا اور صوبے کو زرعی خود کفالت کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ نے گوادر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں دو سال سے زائد عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث قلتِ آب کے سنگین مسائل درپیش ہیں انہوں نے واضح کیا کہ گوادر میں زیر تعمیر ڈیمز کو صرف آبنوشی کے مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا تاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ نے گوادر میں جاری ڈیمز کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے کہا کہ آبپاشی اور ڈیمز کے منصوبے بلوچستان کے زرعی مستقبل کے ضامن ہیں اور پائیدار ترقی کے لیے منصوبہ بندی کے ساتھ عملی اقدامات ناگزیر ہیں صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اجلاس میں صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی اور نور محمد دمڑ نے شرکت کی، جبکہ میر صادق عمرانی اور میر علی حسن زہری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اتحادی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی انجنیئر زمرک خان، حاجی علی مدد جتک اور میر عبدالمجید بادینی بھی اجلاس میں موجود تھے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر، سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں