کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کے سربراہ سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی طاقت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے آنے والے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،انتخابات میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے انشاء اللہ کوئٹہ کا میئر پیپلزپارٹی کا جیالہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی سے متعلق لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحدسیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کو روٹی،کپڑا،مکان اورروزگار دیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی صوبائی صدرسینیٹر سردار عمر خان گورگیج اوردیگرقائدین کی قیادت میں فعال اور منظم ہے اورانشاء اللہ28دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپورانتخابی مہم چلائیں انشاء اللہ کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اورمیئر کوئٹہ پیپلزپارٹی کے جیالے ہونگے جو کامیابی کے بعد عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کو یقینی بنائیں گے۔

