ملتان (این این آئی)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پانی روکنے کیلئے بھارت نے کوئی قدم اٹھایا تو اس کو ہم جنگ تصور کریں گے، پانی اس وقت سب کی ضرورت ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں تھا، عالمی برادری نے بھارت کا بیانیہ مسترد کیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عالمی برادری نے ہمارے مؤقف کی تائید کی، ہم نے بھارت کو پہلگام واقعیکی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، بھارت نے تحقیقات کے بجائے پاکستان پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کو آپس میں جنگ نہیں کرنی چاہیے، ہماری کوشش ہے کہ ڈائیلاگ کریں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، ہماری ذمے داری ہے کہ مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں، ہمیں جو خدشات لاحق ہیں وہ آپ کو بتانیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے کہہ رہا ہوں بجٹ میں اپنا کردار ادا کریں، عوامی نمائندے عوام کی بات سنیں اور بجٹ میں ان کے لیے آواز اٹھائیں۔

