کینیڈا اور برطانیہ سے نایاب نسل کے گھوڑوں کی درآمد، بھُٹہ سٹڈ کا ملکی ہارس ریسنگ میں نیا سنگِ میل

کراچی (پریس ریلز)کینیڈا اور برطانیہ سے معروف ہارس بریڈر اور بھُٹہ سٹڈ فارم کے مالک آفتاب بھٹہ نے اعلیٰ اور نایاب نسل کے گھوڑے پاکستان درآمد کر لیے، جنہیں کراچی ریس کلب میں معروف ہارس اونر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرید خان ابڑو کی ٹیم نے باضابطہ طور پر وصول کیا۔تفصیلات کے مطابق یہ گھوڑے دنیا کی ممتاز اور نایاب نسلوں میں شمار ہوتے ہیں، جن کی پاکستان آمد کو ملکی ہارس ریسنگ اور ہارس بریڈنگ انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان گھوڑوں کو ابتدائی طور پر لاہور ریس کلب کی اہم ریسز میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں بھُٹہ سٹڈ فارم میں جدید اور سائنسی خطوط پر بریڈنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرید خان ابڑو نے بھُٹہ سٹڈ فارم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھُٹہ سٹڈ فارم آج پاکستان کا سب سے معتبر اور کامیاب سٹڈ فارم بن چکا ہے، جس نے معیار، نظم و ضبط اور بین الاقوامی معیار کی بریڈنگ کے ذریعے ملکی ہارس ریسنگ کو نئی سمت عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھُٹہ سٹڈ فارم نے جدید بریڈنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا کر نہ صرف ریسنگ بلکہ مقامی بریڈنگ انڈسٹری کو بھی مستحکم کیا ہے۔فرید خان ابڑو کا کہنا تھا کہ بھُٹہ سٹڈفارم سے وابستہ گھوڑے قومی سطح پر ریسنگ میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بریڈنگ کے شعبے میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آفتاب بھُٹہ کی قیادت میںبھُٹہ سٹڈ نے ہمیشہ معیار کو اولین ترجیح دی اور کسی بھی مرحلے پر سمجھوتہ نہیں کیا، جس کے باعث آج بھُٹہ سٹڈ کا شمار پاکستان کے بہترین اور معتبر اسٹڈ فارمز میں ہوتا ہے۔اس موقع پر فرید ابڑو کے ٹرینر نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابڑو خاندان کا گھوڑوں سے وابستہ شوق کئی دہائیوں پر محیط ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوتا آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ابڑو خاندان کی چوتھی نسل گھوڑوں کی مالک ہے اور اب یہ روایت نئی نسل بھی پوری دلچسپی اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔ٹرینر کے مطابق ابڑو استبل کے گھوڑے رواں سیزن میں کراچی کے ساتھ ساتھ لاہور ریس کلب میں بھی بھرپور شرکت کریں گے، جس سے شائقین کو اعلیٰ معیار کی اور سنسنی خیز ریسنگ دیکھنے کو ملے گی۔ریسنگ حلقوں کا کہنا ہے کہ بھُٹہ سٹڈ جیسے اداروں کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے گھوڑوں کی درآمد اور جدید بریڈنگ اقدامات سے پاکستان میں ہارس ریسنگ اور بریڈنگ انڈسٹری کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مستحکم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں