ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی کھلاڑیوں اور کوچز کیلئے کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔صدر بی سی بی امین الاسلام نے بتایا کہ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ان کھلاڑیوں اور کوچز نے سعودی عرب کیلئے کھیلنا تھا۔ امین الاسلام نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ سعودی عرب نے دو ماہ پہلے مجھ سے رابطہ کیا تھا میں نے نو کہہ دیا تھا۔صدر بی سی بی کے مطابق سعودی عرب نے مرد و خواتین کھلاڑیوں اور پھر کوچز دینے کا کہا، میں کیسے اپنے ملکی مفاد کے برعکس کھلاڑیوں اور کوچز کی اجازت دوں گا؟ امین الاسلام نے کہا کہ سعودی عرب ویڑن 2030 کے تحت بین الاقوامی کرکٹ کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کرکٹ پر کثیر سرمایہ کاری بھی کر رہا ہے،انٹرنیشنل کرکٹ فورس بننے کے لیے سعودی عرب نے ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک سے رابطے کئے ہیں۔ سعودی عرب نے ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک سے کھلاڑی اور کوچز لانے کے لیے رابطے کیے، کھلاڑی اور کوچز قانونی تقاضے کرنے پر سعودی عرب کے لیے کھیلنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ نے کہا کہ یو اے ای اور یو ایس اے ایسی حکمت عملی اپنا چکے ہیں۔

