کوئٹہ(این این آئی) سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ اور سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہاہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرکے منشیات اوردیگر سماجی برائیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے،بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت انہیں مناسب مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے بلوچستان کے کھلاڑیوں نے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی صوبے کا نام روشن کیا ہے،پانچویں آل بلوچستان انٹرفیتھ ہارمنی کرسمس کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔یہ بات انہوں نے مدرٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی کے زیراہتمام پانچویں آل بلوچستان انٹرفیتھ ہارمنی کرسمس کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، مشیر کھیل مینا مجید کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ کھیل نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہا ہے اس سلسلے میں کوئٹہ میں آل پاکستان فٹ بال اور کرکٹ کے ٹورنامنٹ کرائے گئے جس میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیو ں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرانہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پرمدرٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ مدرٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی نے کرسمس کے موقع پرپانچویں آل بلوچستان انٹرفیتھ ہارمنی کرسمس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ٹورنامنٹ کے دوران تمام ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا سوسائٹی آئندہ بھی اس قسم کے ٹورنامنٹ کاوقتاًفوقتاً انعقاد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری سپورٹس درابلوچ اورسابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اورانعامات تقسیم کئے۔

