بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے،ملک رشید کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس کے صدر ملک رشیدکاکڑ، جنرل سیکرٹری محمد نواز پندرانی، ترجمان حاجی سلیم ناصر، سینئر وائس چیئرمین حضرت علی کوثر، عظمت خان کاکڑ، قاری زیب الرحمن،پرنسپل خلاق خان کاکڑنے کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے صوبے کے پرائیویٹ سکولوں میں لاکھوں کی تعداد میں بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں نجی تعلیمی ادارے معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ہمہ جہت تربیت میں بھی اپنا کرداراد اکررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اسکل فل پبلک ہائی اسکول ائیر پورٹ روڈ کلی گل محمد کے سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسکول کے پرنسپل خلاق خان کاکڑ اور تمام اسٹاف کو بہترین پروگرام اورکاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اس باوقار اور منظم پروگرام نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے نجی تعلیمی ادارے معیارِ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ہمہ جہت تربیت میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ تعلیمی ادارے اپنا بھرپور کردارادا کر رہے ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تاکہ نجی تعلیمی ادارے مزید بہتر طریقے سے طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نجی تعلیمی ادارے مناسب اور بہت کم فیس لیکر تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں جس سے پرائیویٹ اسکولوں کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون نہ ہونے کے برابرہے۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے تقاریر، ٹیبلو بھی پیش کئے تقریب کے اختتام پر ملک رشید کاکڑ، حاجی نواز پندرانی، حاجی سلیم ناصر، حضرت علی کوثراوردیگر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں