کینبرا(این این آئی)کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)نیتصدیق کی ہے کہ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے۔ 26 دسمبر سے شروع ہونے والے ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز اور سینئر سپنر نیتھن لیون ایشز سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق نیتھن لیون کی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سرجری ناگزیر ہے، جس کے بعد وہ طویل عرصے تک میدان سے باہر رہیں گے۔اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں تیز گیندباز جھے رچرڈسن اور آف سپنر ٹوڈ مورفی کو شامل کیا گیا ہے، جو جمعہ سے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ آسٹریلیا پہلے ہی سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کر چکا ہے، جس نے پرتھ اور برسبین میں 8 وکٹوں جبکہ ایڈیلیڈ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے تصدیق کی کہ پیٹ کمنز سیریز کے باقی میچز میں حصہ نہیں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمنز کی واپسی ایک طے شدہ منصوبے کے تحت تھی اور سیریز جیتنا اولین ہدف تھا، جو حاصل ہو چکا ہے۔ پیٹ کمنز اب فروری میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے مکمل فٹنس پر توجہ دیں گے۔نیتھن لیون جنہوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے، نے اسی میچ میں اپنی 564ویں ٹیسٹ وکٹ حاصل کر کے گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑ دیا تھااور آل ٹائم وکٹ لینے والوں کی فہرست میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم اب انہیں سرجری کے باعث طویل وقفے کا سامنا ہوگا۔سٹیو سمتھ، جو پہلے دو ٹیسٹ میچز میں پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں کپتانی کر چکے تھے، چوتھے ٹیسٹ میں دوبارہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سٹیون سمتھ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں چکر آنے کی شکایت کے باعث نہیں کھیل سکے تھے۔ٹوڈ مورفی اپنے کیریئر کا پہلا ہوم ٹیسٹ کھیلنے کے قریب ہیں، جبکہ جھے رچرڈسن چار سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے امیدوار ہیں۔دوسری جانب سکاٹ بولینڈ اور مچل سٹارک فاسٹ بولنگ کی قیادت کریں گے، جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈاگٹ اور رچرڈسن کے درمیان ایک جگہ کے لیے مقابلہ ہوگا۔کوچ میکڈونلڈ نے مچل سٹارک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیریز میں اب تک شاندار فارم میں ہیں۔ مچل سٹارک تین ٹیسٹ میچوں میں 22 وکٹیں لے چکے ہیں اور بلے سے بھی قیمتی رنز بنا چکے ہیں۔

