برسبین(این این آئی)ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز(اے ٹی پی)ٹور اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) ٹور کے زیر اہتمام برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 15واں ایڈیشن 5جنوری 2026 سے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں شروع ہوگا۔برسبین انٹرنیشنل اوپن ٹینس منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 5 جنوری سے 12جنوری2026تک برسبین میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ میں جمہوریہ چیک کے جیری لہیکا مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے،خواتین کے سنگلز مقابلوں میں بیلاروس کی عالمی نمبر ون آرینا سبالینکا ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں جولین کیش اور ان کے ہم وطن جوڑی دار لائیڈ گلاسپول پر مشتمل برطانوی جوڑی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے اور اسی طرح میرا اینڈریوا اور ان کی ہم وطن جوڑی دار ڈیانا شنائیڈر پر مشتمل روسی جوڑی خواتین کے ڈبلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن ہیں۔برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 5 جنوری سے شروع ہوکر 8 روز جاری رہنے کے بعد 12 جنوری 2026 کو اختتام پذیر ہوگا۔

