اسلام آباد (این این آئی)پاکستان چائنا فرینڈ شپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2026 آئندہ ماہ جنوری میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ یہ چیمپئن شپ 24 سے 30 جنوری تک لیزر سٹی باؤلنگ کلب، صفا گولڈ، ایف سیون مرکز، اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ گزشتہ روز پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئن شپ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بندھن کا جشن منانے والی ایک تاریخی تقریب ہوگی۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب 24 جنوری کو ہوگی جس میں مختلف فنکار اور گلوکار اپنے، اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن اس چیمپئن شپ کو ایک یادگار، پیشہ ورانہ طور پر منظم، اور اثر انگیز کھیلوں کے ایونٹ بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس بین الاقوامی چیمپئن شپ کے علاوہ، پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن 18ویں قومی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2026 کا بھی انعقاد کرے گی، جو بین الاقوامی اور قومی دونوں باؤلرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور پورے پاکستان میں کھیل کوفروغ دینے کے لئے ایک دوہری پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔چیمپئن شپ میں نوکیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف مینز سنگلز، ڈیف لیڈیز سنگلز، ٹیم ایونٹ، میڈیا اور ٹیک ٹاکرز کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 31 جنوری تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

