بی وائی ایس ای ڈی پی کے تحت تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کا الحاق شدہ کالجوں میں سکل ڈویلپمنٹ ورکشاپس کا انعقاد، طلبہ کو جدید مہارتوں کی تربیت فراہم

تربت (این این آئی) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے چیئرپرسن ڈاکٹر غلام جان کی سربراہی میں تربت یونیورسٹی کے سینئر اور ماہرفیکلٹی ممبران کی ایک ٹیم نے یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجوں کے طلبہ کی اسکل ڈویلپمنٹ کے لئے تربیتی ورکشاپس کاانعقاد کیا۔یہ تربیتی ورکشاپس حکومت بلوچستان کے محکمہ امورنوجوانان کے فلیگ شپ پروگرام بلوچستان یوتھ سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ پروگرام (بی وائی ایس ای ڈی پی) کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پنجگور، عطا شاد ڈگری کالج تربت اور گرلز ڈگری کالج تربت میں منعقد کیے گئے۔ لیزون کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس پروگرام کا مشاورتی اور انتظامی شراکت دار ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بلوچستان یوتھ پالیسی 2024 کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند اوربااختیار بنانا ہے۔ تربیتی ٹیم میں تربت یونیورسٹی کے سینئرفیکلٹی ممبران ڈاکٹر وسیم برکت، نوروز خان، رقیہ میروانی، ممتاز احمد اور کالج لیکچرار ہما امداد شامل تھیں۔ تربیتی ورکشاپس کے دوران ابلاغی مہارتوں، لیڈرشپ، انٹرپرینیورشپ، کیریئر کونسلنگ،پروفیشنل سی وی بنانا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مثبت استعمال،انٹرویو کی ٹکنیکس اورمختلف عملی سیشنز کے ذریعے طلبہ کو جامع تربیت فراہم کی گئی۔اس موقع پر ٹیم لیڈر ڈاکٹر غلام جان نے ان تربیتی ورکشاپس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی ترقی اور ان کو بااختیار بنانے کے لیے صوبائی حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کے ماہرٹرینرز اورفیکلٹی ممبران طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کواجاگرکرنے اور خطے کے سماجی و معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو تیارکرنے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں تربت یونیورسٹی نوجوانوں کو ہنرمند اوربااختیار بنانے کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ورکشاپس کے اختتام پر شرکاء نے تربیتی سیشنز کو نہایت مفید اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تربیتی ورکشاپس سے ان کو اپنے مستقبل کے اہداف متعین کرنے اور جدید دور کی ملازمتوں کے تقاضوں کو سمجھنے میں بھرپور رہنمائی ملی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں