سمیر کے 172 رنز، پاکستان انڈیا کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا چیمپیئن بن گیا

پاکستان نے اتوار کو دبئی میں سمیر منہاس کی انتہائی عمدہ بیٹنگ کی مدد سے انڈیا کو 191 رنز سے باآسانی ہرا کر آئی سی سی انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔اوپنر سمیر نے فائنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی۔

انہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز جوڑے اور 152 کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے نو چھکے اور 17 چوکے لگائے۔ان کے علاوہ احمد حسین نے 56 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 83 رنز دے کر تین، ہنیل پٹیل اور کھیلن پٹیل نے دو، دو وکٹیں لیں۔

اتنے بڑے ٹارگٹ کے تعاقب میں انڈین بیٹنگ ابتدا ہی میں ڈھے گئی۔تیسرے اوور میں اوپنر کپتان ایوش مہاترے آؤٹ ہوئے تو باقی ٹاپ آرڈر بھی ذرا مزاحمت نہیں کر سکا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دسویں اوور میں 68 رنز پر آدھی انڈین ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد ان کی جیت کے امکانات ختم ہو گئے۔

انڈیا کی پوری ٹیم 27ویں اوور میں 156 پر آل آؤٹ ہو گئی۔دسویں نمبر پر آنے والے دپیش نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے۔

پاکستان کے علی رضا نے 42 رنز دے کر چار وکٹیں لیں جبکہ محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسان کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے فائنل جیتنے پر پاکستان انڈر 19 ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا۔ 

 

’یہ فتح شائقین کرکٹ کے لیے خوشی اور  فخر کا زبردست لمحہ ہے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں