ایئر یونیورسٹی ایچ الیون کیمپس کے 94رکنی طلبہ و طالبات کے وفد کا پارلیمنٹ کا ہاؤس دورہ،پارلیمانی امور بارے بریفنگ

اسلام آباد (این این آئی)ایئر یونیورسٹی، ایچ الیون کیمپس کے 94 رکنی طلبہ و طالبات کے ایک وفد نے فیکلٹی ممبر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وفد کی آمد پر ایوانِ بالا کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔مطالعاتی دورے کے دوران طلبہ و طالبات کو سینیٹ میوزیم لے جایا گیا جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے عمل، ایوانِ بالا کے قومی امور میں کردار، سینیٹ کے کام کرنے کے طریقہ کار، سینیٹ انتخابات اور دیگر پارلیمانی امور سے متعلق جامع اور معلوماتی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی تاریخ اور اہم پارلیمانی مراحل پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جسے طلبہ نے گہری دلچسپی سے دیکھا۔وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں انہیں اجلاس کی کارروائی کے طریقہ کار، قانون سازی کے مختلف مراحل اور پارلیمانی کمیٹیوں کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ بریفنگ کے دوران پارلیمانی ڈھانچے میں کمیٹیوں کے مؤثر کردار اور قانون سازی کے عمل میں ان کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔بعد ازاں وفد نے“گلی دستور”کا دورہ کیا، جہاں انہیں آئینِ پاکستان کی تشکیل، آئینی ارتقاء اور ملک کی آئینی تاریخ کے اہم و نمایاں مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ طلبہ و طالبات نے آئین پاکستان سے متعلق اس تعلیمی و معلوماتی تجربے کو نہایت مفید قرار دیا۔دورے کے اختتام پر ایئر یونیورسٹی کے وفد نے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی جامع بریفنگ اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور اس مطالعاتی دورے کو اپنے تعلیمی سفر میں ایک یادگار اور معلومات افزا تجربہ قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں