اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، یکساں مواقع کی فراہمی، مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے پْرعزم ہے،تعلیمی ادارے، سول سوسائٹی، نجی شعبے بریل خواندگی، قابل رسائی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی مشترکہ کاوشیں اور تعاون کو مزید مستحکم کریں۔عالمی یوم بریل 4 جنوری 2026 پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ آج عالمی یوم بریل کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کے بصارت سے محروم افراد کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ لوئی بریل کے انقلابی لمسی تحریری نظام نے دنیا بھر میں لاکھوں بصارت سے محروم افراد کے لیے تعلیم، معلومات تک رسائی اور باوقار زندگی کے مواقع پیدا کیے، اس نظام کی گہری اہمیت کو بجا طور پر تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2018 میں 4 جنوری کو عالمی یوم بریل قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد کا بریل کو اپناتے ہوئے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اس امر کا ثبوت ہیں کہ صلاحیت اور اعلی کارکردگی ہر مشکل کو عبور کرتے ہوے اپنا راستہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، یکساں مواقع کی فراہمی، مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے پْرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد مختلف شعبوں حتی کہ مسابقتی امتحان میں بھی کامیابی کے بعد بڑی جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں محترمہ صائمہ سلیم نمایاں ہیں جو وزارت خارجہ کی آفیسر کی حیثیت سے پاکستان کیاقوام متحدہ مشن میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بے شک ایسی کامیابیاں استقامت، اہلیت اور قومی وقار کی روشن مثالیں ہیں۔ اور بلا شبہ قابل رسائی تعلیم اور معاشرتی تعاون کی مضبوطی کی بھی عکاس ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق خصوصی افراد (UNCRPD) کا رکن ہیاور علم اور معلومات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے 2023 میں مراکش معاہدے کی بھی توثیق کی۔ اس معاہدے کے تحت بصارت میں کمی یا محروم افراد کے لیے شائع شدہ مواد کو قابل رسائی فارمیٹس میں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ بصارت سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے علاوہ معاشرتی سطح پر، میں تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بریل خواندگی، قابل رسائی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی مشترکہ کاوشیں اور تعاون کو مزید مستحکم کریں۔ آئیے بحیثیت قوم اس عزم کی تجدید کریں کہ کوئی بھی شہری اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع کی فراہمی میں پیچھے نہ رہ جائے۔ اور ہر فرد، بصری صلاحیت سے قطع نظر، پاکستان کی ترقی میں اپنا بیش قیمت اور بامعنی کردار ادا کر سکے۔

