کراچی میں ہونے والی عالمی معیار کی میراتھون اسرار خٹک نے جیت لی

کراچی (این این آئی)بی وائی ڈی کراچی میراتھون اسرار خٹک نے جیت لی۔تفصیلات کیمطابق بی وائی ڈی کراچی میراتھون کا نشان پاکستان سے آغاز ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، میراتھون میں حصہ لینے والے رنرز نے سی ویو سے گولف کلب اور پھر نشان پاکستان واپس آئے۔ ہاف میراتھون کے شرکا ایک بار جبکہ 42 اعشاریہ 2 کلومیٹر کی فل میراتھون کے شرکا نے 2 بار چکر لگائے۔ایونٹ میں فل اور ہاف میراتھون کے علاوہ 5 کلو میٹر کی فن رن اور 10 کلومیٹر کی ریلی بھی ہوئی۔عالمی معیار کی یہ میراتھون اسرار خٹک نے جیت لی، اسرار خٹک نے 42.1 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 39 منٹ 58 سیکنڈز میں طے کیا۔ حماس منہاس نے فل میراتھون میں دوسری پوزیشن حاصل کی، انہوں نے فل میراتھون 2گھنٹے 48 منٹ اور 59 سیکنڈز میں مکمل کی۔ کراچی ہاف میراتھون محمد اختر نے ایک گھنٹہ 19 منٹ 29 سیکنڈز میں جیت لی جبکہ عطاالصمد نے ہاف میراتھون میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور فیضان فیضی ہاف میراتھون میں تیسرے نمبر پر رہے۔ادھر ویمنز فل میراتھون سارہ لودھی کے نام رہی، سارہ لودھی نے 42.1 کلومیٹر کافاصلہ 3 گھنٹے 33 منٹ 28 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ ایلیسا ڈائس دوسرے نمبر پر رہی۔ ویمنز ہاف میراتھون کوکب سرور نے ایک گھنٹہ 53 منٹ 57 سیکنڈز میں مکمل کی، رابعہ نعیم نے دوسری اور زوہا پوناوالا نیتیسری پوزیشن حاصل کی۔واضح رہے کراچی میراتھون میں ساڑھے 6 ہزار رنرز نے شرکت کی، میراتھون میں ایک ہزار خواتین رنرز نے بھی حصہ لیا جبکہ پچیس ممالک کے 30 رنرز بھی اس دوڑ میں شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں