اسلام آباد (این این آئی)پاکستان سپورٹس بورڈ کا ایتھلیٹک ٹریک میٹریل کی انسپکشن کے معاملے پر انوکھا اور متنازع فیصلہ سامنے آ گیا، ٹیکنیکل ماہر کو بھیجنے کے بجائے پی ایس بی نے چیف فنانس آفیسر کو پولینڈ روانہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس بی نے ٹیکنیکل ماہر کو بھیجنے کے بجائے حال ہی میں کنٹریکٹ پر تعینات ہونیوالے چیف فنانس آفیسر حسنات علی کو ایتھلیٹک ٹریک میٹریل کی انسپکشن کیلئے پولینڈ بھیجا ہے۔ماہرین کے مطابق انسپکشن ایک مکمل ٹیکنیکل معاملہ ہے جس کے لیے متعلقہ شعبے کے ماہرین کی تعیناتی ضروری سمجھی جاتی ہے لیکن مالی امور کے افسر کو اس حساس اور تکنیکی ذمہ داری سونپنا غیر معمولی اور ناقابلِ فہم ہے۔ حسنات علی 12 جنوری تک ایتھلیٹک ٹریک میٹریل کی انسپکشن کریں گے۔

