کوئٹہ(این این آئی)محکمہ بلدیات بلوچستان نے پیدائش رجسٹریشن کے اندراج میں سادگی اور آسانی لاتے ہوئے فیسیں کم کردیں، جبکہ پیدائش و اموات سے متعلق رجسٹریشن کے قوانین میں بھی اہم تبدیلیاں و ترامیم کی گئی ہیں۔سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی حکومت بلوچستان عبدلروف بلوچ نے ترامیم اور قوانین میں تبدیلیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا مقصد عوام کو بہتر، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ان اصلاحات سے شہریوں کو قانونی دستاویزات کے حصول میں آسانی ہوگی اور غیر ضروری پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان ذیلی قوانین کو حکومت بلوچستان مقامی کونسل کے ذیلی (ترمیمی) قوانین بابت رجسٹریشن پیدائش و اموات 2025ء کہا جائے گااور یہ فوی طور پر نافذالعمل ہوگیا ہے جس کے تحت دفعہ 6اور دفعہ7میں آٹھ ترامیم کی گئی ہیں جن میں پیدائش کی رجسٹریشن کے شیڈول اور فیسوں کے جدول کی تبدیلی بھی شامل ہے۔ جدول میں مدت اور فیس کی وضاحت کی گئی ہے جس کے مطابق ایک دن سے ساٹھ ایام(دو مہینوں) تک کے بچے کے نارمل اندراج کی ذمہ داری رجسٹرار مقامی کونسل کی ہوگی درکار وقت تین دن کا ہوگا اور اس کی فیس مبلغ سو روپے (100)روپے ہوگی۔ 61یوم تا 50سال تک کے لیٹ اندراج کی ذمہ داری چیئر مین/ایڈمنسٹریٹر مقامی کونسل کی ہوگی درکار وقت ایک ہفتہ اور اس اندراج کی فیس مبلغ تین سو روپے (300)ہوگی۔اسی طرح پچاس سال سے زائد کے بعد از معیاد اندراج کے لئے درخواست دہندہ کو سول جج کی عدالت سے رجوع کرنا ہوگااورلوکل گورنمنٹ میں اس درخواست کی فیس مبلغ ایک ہزار روپے (1000)ہوگی۔شہریوں اور عوامی حلقوں نے طریق کار کی جامع وضاحت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس اقدام سے عوام کو بہتر، شفافت اور آسان کی خدمات کی فراہمی کا عمل ممکن ہوگا اور شہریوں کو قانونی دستاویزات کے حصول میں حائل پیچیدگیوں سے چھٹکاراملے گا۔

