پسنی: انتظامیہ اور مرغی فروشوں میں ڈیڈ لاک، شہر میں مرغی ناپید

پسنی(رپورٹر) پسنی شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں پر انتظامیہ اور دکانداروں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔
جس کے نتیجے میں شہر بھر میں مرغی کا گوشت ناپید ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع گوادر کے دیگر شہروں میں مرغی کی قیمت 900 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ پسنی میں یہ 850 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی تھی۔ تاہم حالیہ دنوں میں لوکل انتظامیہ اور مرغی فروشوں کے درمیان ہونے والی ایک اہم میٹنگ کے بعد سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

اس بحران کے پیچھے دو بنیادی موقف سامنے آئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کا اصرار ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عام شہری کی پہنچ میں گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی گوادر کے مقابلے میں کم قیمت پر گوشت فروخت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق 850 روپے سے کم قیمت پر فروخت کرنے سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ موجودہ نرخوں پر کاروبار جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے ریلیف دینے کی کوشش اور دکانداروں کے احتجاج کے درمیان پسنی کے شہری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے دکانیں بند ہونے کے باعث بازار سے مرغی غائب ہے۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں