کوئٹہ(این این آئی)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کی آٹھویں قومی کانگریس اور شہیدچیئرمین حسین علی یوسفی کی ستارویں برسی ہزارہ قومی سیاسی تاریخ میں قوم کے اجتماعی سیاسی، سماجی، معاشی ہدف کے تعین و حصول کی جانب خصوصی اہمیت کا حامل موقع ہے پارٹی کارکنان، حمایتی دوست اور کوئٹہ کے شہری اس اہم موقع پر اپنی وابستگی کے اظہار اور پورے جوش و جذبے کے ساتھ قومی زمہ داری میں حصہ دار بنیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کے شہید رہنما کی برسی اور قومی کانگریس کا بیک وقت انعقاد پارٹی کے گذشتہ مرکزی کونسل کا اہم و تاریخی فیصلہ ہے اس موقع پر پارٹی شہید چیئرمین کے ساتھ عہد وفا کرنے کے ساتھ اپنی جمہوری روایات و اقدار کی بھی پاسداری کرکے صوبہ اور ملک کے بڑی سیاسی و جمہوری پارٹیوں کو اپنے کارکنوں کو اعتماد میں لینے کا درس دے رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایچ ڈی پی صوبہ اور ملک میں ہمیشہ حقیقی جمہوریت، عوام کے حق حکمرانی، اپنے کارکنوں کے حق تنقید و مثبت تجاویز کے احترام کو اولیت دیتی رہی ہے پارٹی اس کے بعد بھی کوئٹہ کے شہریوں کی آواز بن کر کوئٹہ کے ساتھ روا رکھی جانے والی سوتیلی سلوک اور مسلط حکمرانی و جعلی نمائندگی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے عوام کے حق حاکمیت کی جدوجہد جاری رکھے گی۰ بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کارکنان قومی کانگریس اور شہید چیئرمین کی برسی کی بھرپور تیاری کرکے اس تاریخی لمحہ کو قومی تاریخ کا ایک تاریخی تقریب بنائیں۔

