آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ،پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز (آج)نگلینڈ کے خلاف کریگی

ہرارے (این این آئی)پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز انڈر19 ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز (آج)جمعہ کوانگلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی،یہ میچ ہرارے کے تاکاشنگا سپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم حالیہ شاندار کامیابیوں کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے، جہاں اس نے دبئی میں اے سی سی انڈر19 ایشیاکپ میں بھارت کو191 رنز سے شکست دی۔ پاکستان انڈر19 ٹیم اس سے قبل2004 اور 2006 میں آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے اور اس ایونٹ میں تیسرا عالمی اعزاز حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔ انڈر19 ورلڈ کپ15 جنوری سے6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جارہا ہے۔گروپ سی میں شامل پاکستان اپنا دوسرا میچ19 جنوری کو سکاٹ لینڈ کے خلاف جبکہ آخری گروپ میچ22 جنوری کو میزبان زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔ سپر سکس مرحلہ24 جنوری سے یکم فروری تک ہرارے اور بلاوایو میں ہوگا، جس کے بعد سیمی فائنلز3 اور4 فروری کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل6 فروری کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر علی رضا وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2024 کے انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی موجود ہے، پاکستان انڈر19 ٹیم کا اسکواڈ فرحان یوسف، عثمان خان، عبدالصبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ زہور، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد صیام، محمد شایان، نقاب شفیق، سمیر منہاس اور عمر زائب پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں