ترقیاتی کاموں کے نام پر کوئٹہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر کوئٹہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے ترقیاتی کام شہر میں کہیں بھی نظر نہیں آرہے ہیں جبکہ کوئٹہ شہر کے اکثر علاقوں میں فٹ پاتھ بڑے اور سڑکیں چھوٹی کردی گئیں ایسا کرنے والے انجینئرز سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کادارالخلافہ ہونے کے باوجود تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے کوئٹہ شہر کی ترقی کیلئے آنے والے فنڈز خرچ ہونے کی بجائے خوردبرد کی نظرہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے نام پرسڑکوں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے سڑکیں توڑنے کے باعث اٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے شہری سانس کی تکلیف میں مبتلا ہورہے ہیں دنوں کا کام کئی ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہورہا ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں اکثر سڑکوں کو توڑ کر چھوڑدیا گیا ہے جبکہ جو کچھ سڑکیں دوبارہ بنی ہیں وہاں فٹ پاتھ بڑے کردیئے گئے ہیں جبکہ سڑکیں چھوٹی کردی گئی ہیں جس سے عوام کے کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع کئے گئے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انجینئر کو سخت سز ا دی جانی چاہئے جنہوں نے سڑکوں کوچھوٹااورفٹ پاتھ بڑے بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ترقی کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن ترقی زمین پرکہیں نظر نہیں آرہی ہے کوئٹہ شہر کے عوام پینے کے صاف پانی،بجلی،گیس، صحت سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے اگر حکمرانوں نے عوامی فنڈز کا صحیح استعمال نہیں کیا تو وہ دن دور نہیں جب حکمرانوں کے گریبان اور عوام کے ہاتھ ہونگے اورانہیں عوام سے بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں