چھتر(این این آئی) تحصیل چھتر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور تعلیمی نظام کو فعال و مضبوط بنانے کے لیے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جاوید شریف عمرانی کی جانب سے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، اساتذہ کی باقاعدہ حاضری اور طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت اولین ذمہ داری ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جاوید شریف عمرانی نے تحصیل چھتر کے مختلف سرکاری اسکولوں کے دورے کیے، جہاں انہوں نے کلاس رومز، طلبہ کی حاضری، اساتذہ کے رجسٹرز اور دستیاب تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور طلبہ کی تعلیمی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے جاوید شریف عمرانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور معیاری تعلیم کے بغیر کسی قوم کی پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں انہوں نے واضح کیا کہ غیر حاضر اساتذہ اور تعلیمی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے چھتر کے عوامی و تعلیمی حلقوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جاوید شریف عمرانی کی سنجیدہ کوششوں اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان عملی اقدامات سے علاقے میں تعلیمی نظام مزید مستحکم ہوگا اور طلبہ کا مستقبل روشن ہو سکے گا۔

