فیفا ورلڈ کپ 2026 نے آغاز سے قبل ہی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے مقبولیت کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق فیفا نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال فٹبال ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی مانگ نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور اب تک 50 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
عالمی فٹبال تنظیم کے مطابق میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ سب سے زیادہ درخواستیں جرمنی، انگلینڈ، برازیل، اسپین، پرتگال، ارجنٹینا اور کولمبیا میں مقیم شائقین کی جانب سے موصول ہوئیں۔
یہ اعداد و شمار ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت کو واضح کرتے ہیں۔
فیفا کی جانب سے بعض میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 8 ہزار 680 ڈالر تک رکھی گئی ہے، جس پر شائقین اور ماہرین کی جانب سے تنقید بھی سامنے آئی۔
تنقید کے بعد فیفا نے گزشتہ ماہ اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں شریک 48 قومی فیڈریشنز کے لیے ہر میچ کے 60 ڈالر کے خصوصی ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے، جنہیں وہ اپنی پالیسی کے مطابق ان شائقین میں تقسیم کریں گی جو ماضی میں اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے اسٹیڈیم آئے تھے۔

