اڈہ پلاٹ(این این آئی)قائد جمعیت صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی، صدر پنجاب نور احمد سیال، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر جاوید اختر نورانی، سینئر نائب صدر پنجاب مفتی محمد احمد برکاتی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب حاجی محمد انصاری اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب محمد زاہد صدیقی نے شبِ معراج کے بابرکت موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شبِ معراج اسلام کی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جو ایمان، یقین اور عبدیتِ کاملہ کا عملی درس دیتا ہے۔محمدزاہدصدیقی سیکرٹری اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اسی عظیم الشان رات نبی اکرم کو جسم و روح کے ساتھ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک لے جایا گیا، جہاں آپ نے تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی امامت فرما کر قیادتِ نبوت کا عالمی اعلان کیا۔ اس کے بعد سفرِ معراج کے دوران ساتوں آسمانوں کی سیر، جنت و دوزخ کا مشاہدہ اور بارگاہِ الٰہی میں حاضری کا شرف وہ اعزازات ہیں جو صرف اور صرف محبوبِ خدا کے حصے میں آئے۔ڈاکٹر جاوید اختر نورانی نے کہا کہ شبِ معراج امتِ محمدیہ کے لیے نماز جیسا عظیم تحفہ لے کر آئی۔ ابتدا میں پچاس نمازوں کا حکم اور پھر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہیں پانچ کر دیا جانا، جبکہ ثواب پچاس ہی کا رکھا جانا، اس امت پر ربِ کریم کی خصوصی رحمت کا روشن ثبوت ہے۔ نماز درحقیقت مومن کی معراج اور روحانی ارتقا کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔مفتی محمد احمد برکاتی نے کہا کہ واقعہ معراج کے بعد کفارِ مکہ کا انکار اور حضرت ابوبکر صدیق کا بلا تردد تصدیق کرنا اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ ایمان دلیلوں کا محتاج نہیں بلکہ یقینِ کامل کا نام ہے، جس پر صدیقِ اکبرکو ہمیشہ کے لیے“صدیق”کا عظیم لقب عطا ہوا۔قائدینِ جمعیت نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ شبِ معراج کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، نماز سے مضبوط تعلق قائم کریں، سیرتِ مصطفی کو حرزِ جاں بنائیں اور اتحاد، اخوت اور اخلاقِ حسنہ کو فروغ دے کر معاشرے کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں۔

