کوئٹہ(این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے میونسپل کمیٹی گوادر بلدیہ گوادر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین بلدیہ گوادر، وائس چیئرمین،چیف آفیسر اور بلدیہ کی صفائی ٹیم کے ذمہ داران کے ساتھ ایک تفصیلی نشست کی۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن کی صدارت میں صفائی و ستھرائی کے نظام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں شہر گوادر کی مجموعی صفائی کی صورتحال، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ایم پی اے گوادر نے بلدیہ کے افسران اور صفائی عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، گلی محلوں اور بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف گوادر صحت مند گوادر کی ضمانت ہے اور اس سلسلے میں بلدیہ کے کردار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے صفائی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون اور بلدیہ کی مسلسل محنت سے گوادر کو ایک مثالی اور صاف ستھرا شہر بنایا جائے گا۔اور متبادل زرائع انکم ریونیوسے تنخواہ بڑھانے پر غور بھی کیا گیا ہے۔قبل ازیں امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے زیرِ صدارت سربندن کے کونسلرز کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں علاقے کے درپیش مسائل، عوامی ضروریات اور 12 فروری کو ہونے والا عوامی پروگرام کے انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 فروری کو ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ عوام کے سامنے اپنی دو سالہ کارکردگی پیش کریں گے اور ترقیاتی کاموں، عوامی فلاحی اقدامات اور درپیش چیلنجز سے عوام کو براہِ راست آگاہ کریں گے۔اس موقع پر سربندن کے کونسلرز اور معززین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عوامی اجتماع میں سربندن کے عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو جوابدہ ہونا اور ہر قدم پر عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہی ان کی سیاست کا بنیادی اصول ہے۔

