تربت(این این آئی)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید نے یونیورسٹی آف تربت کا تفصیلی دورہ کیا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور یونیورسٹی کے اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نے طالبات کے لیے اپنے خصوصی فنڈ سے نو تعمیر شدہ گرلز کامن روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد اورفیکلٹی ممبران مہناز بشیر اور ثمینہ فقیر کے علاوہ محکمہ کمیونیکیشن، ورکس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کے ایکسین انجینئر حامد بلوچ، ایس ڈی او انجینئر گہرام گچکی، ایس ڈی او انجینئر عبید شاد اور انجینئر نواز امین سمیت تربت یونیورسٹی کے طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انجینئر حامد بلوچ نے صوبائی مشیر کو گرلز کامن روم پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ دو سالہ منصوبہ تھا، جسے تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر انتھک محنت سے محض ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے تربت یونیورسٹی میں صوبائی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے جاری و مکمل شدہ فیز ٹو کے منصوبوں سمیت دیگر ترقیاتی پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ ان منصوبوں میں ڈے کیئر سینٹر، فٹ بال اور کرکٹ گراؤنڈز، باسکٹ بال کورٹ، انووسٹا لیب، سمارٹ کلاس رومز اور اسٹیٹ آف دی آرٹ جمنیزیم شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ مینا مجید بلوچ نے تربت یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کی کثیر تعداد کو سراہا اور آئندہ ماہ منعقد ہونے والے یونیورسٹی اسپورٹس ویک کے لیے بھرپور مالی تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈے کیئر سینٹر اور یونیورسٹی ماڈل اسکول کے لیے فرنیچر و دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں وہ خود وزیراعلی بلوچستان سے بات کریں گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ فٹ بال گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور اسے گراسی بنانے کے کام میں تیزی لائی جائے، جبکہ انہوں نے فنڈز کے بروقت اجرا کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔انہوں نے یونیورسٹی کے لئے اسپورٹس کوچ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور مکران سمیت پورے صوبے کی خدمت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ تربت یونیورسٹی کی ترقی، معیاری تعلیم کا فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور معیار کے مطابق بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کی ترقی اور طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے طلبہ کی سفری مشکلات کے حل کے لیے تربت شہر اور گردونواح کے علاقوں تک گرین بسیں چلانے کی ضرورت پر زوردیا۔ صوبائی مشیر نے اس تجویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اسے طالبات اور طلبہ کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان سے خصوصی سفارش کریں گی۔

