کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پی بی 42کے عوام نے 8فروری 2024ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) پر جس اعتماد کا اظہار کیا سپریم کورٹ کے فیصلے نے اس پر مہرثبت کردی ہے حلقے کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود،پانی،سڑکوں،سیوریج کے نظام کی بہتری میری ترجیح ہے عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے اس موقع پرپارٹی رہنما شامیل مندوخیل،صلاح الدین کبزئی،سابق کونسلر پیر جان بلوچ اوردیگربھی موجود تھے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو سپریم کورٹ سے حلقہ پی بی 42میں انکی کامیابی کے خلاف دائر درخواست خارج ہونے کے موقع پر حلقہ انتخابات کے لوگوں کی جانب سے مبارکباد دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔زرک خان مندوخیل نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ کے فیصلے نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ حلقہ پی بی 42مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے جہاں سے ہمیشہ سے پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالتیں آزادی ہے انکا فیصلہ خواہ ہمارے حق میں ہو یا نہ ہو ہم عدالتوں کااحترام کرتے ہیں میرٹ پر فیصلہ کرنے پرعدالت عالیہ شکر گزارہوں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 42میں آئی ٹی سینٹر بنایا گیا ہے کئی نوجوانوں کو ہنرسکھاکر بیرون ملک ملازمت کیلئے بھیجا گیا ہے جو نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کیلئے بھی زرمبادلہ پیدا کر ر ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت حلقے کے عوام کو دوں تاکہ انکے مسائل سن سکوں۔انہوں نے کہاکہ بے روزگاری اہم مسئلہ ہے بتدریج حلقے کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے پانچ سال مکمل ہونے پر کوئٹہ سمیت اپنے حلقے میں پانی،بجلی،سڑکوں،سیوریج اور روزگار کے مسائل کو حل کروں گا۔

