تربت (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع حلیم پلازہ میں پیش آنے والے دلخراش آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک سانحے میں درجنوں تاجروں کی زندگی بھر کی محنت اور جمع پونجی چند لمحوں میں خاکستر ہو گئی، جس سے کئی خاندان بے آسرا ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب فائر بریگیڈ کی موجودگی کے باوجود امدادی کارروائی بروقت شروع نہ ہو سکی، جس کے باعث نقصان میں اضافہ ہوا۔ یہ واقعہ متعلقہ اداروں کی غفلت اور ناقص حکمتِ عملی کا کھلا ثبوت ہے، جس کی فوری اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔
انجنیئر حمید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی شدید معاشی بحران، بے روزگاری، بدامنی اور کاروباری جمود کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں تاجروں کو کسی بھی سانحے کے بعد تنہا چھوڑ دینا سراسر ناانصافی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ واقعے کے کئی دن گزرنے کے باوجود حکومتی سطح پر نہ تو متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا اور نہ ہی کسی قسم کے مالی ازالے کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلیم پلازہ سانحے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ تاجروں کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں۔ انجنیئر حمید بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہر فورم پر کوئٹہ کے مظلوم تاجروں کی آواز بنتی رہے گی اور ان کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

