کوئٹہ ( رپورٹر) چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوئٹہ، نوشکی، مستونگ، قلات، خاران، گوادر اور پسنی سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں نہ صرف انسانی جانوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش ہیں بلکہ پاکستان کے امن، خودمختاری اور قومی سلامتی پر حملہ ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں بلوچستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں سرکاری تنصیبات اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا دشمن کی گھناؤنی ذہنیت اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، تاہم ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، جو پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پاک فوج، ایف سی، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کے سفر کو سبوتاڑ کرنا چاہتی ہیں مگر بلوچستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کا کوئی مذہب، قوم یا انسانیت سے تعلق نہیں اور ایسے عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست پوری قوت اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قوم متحد ہو کر ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، صبر، حوصلے اور اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور پوری قوم کو اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہو گی اور اس ناسور کے خاتمے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی آقاؤں کی گود میں بیٹھ کر چند روپوں کی خاطر معصوم لوگوں کا خون بہانا کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور جلد ان دہشت گردوں کو جلد جہنم واصل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چند عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششوں میں مسلسل مصروف ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے شہداء کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

