کراچی(این این آئی)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے ردعمل کے طور پر کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔اپنے بیان میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی مذمت اور کرایہ 4 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے ہماری حالیہ ہڑتال میں ہم سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔انہوں نے کہاکہ حالیہ ہڑتال میں بہت سے مسائل پر جو وفاقی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جو وعدہ کیا تھا موٹروے پولیس اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہم پھر سے ملک گیر ہڑتال کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہم پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے، تمام نقصان کی ذمہ دار وفاقی اور حکومت پنجاب ہوگی۔

