کراچی پریس کلب پر پرامن سیاسی اجلاس میں نیشنل پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت

کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کراچی پریس کلب سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کامریڈ رمضان میمن، نائب صدر برائے سندھ شاہینہ رمضان، ڈاکٹر حسن ناصر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب جیسے تاریخی، جمہوری اور آزادیٔ اظہار کی علامت ادارے میں ایک پرامن سیاسی اجلاس پر غیر قانونی اقدام کو بروئے کار لانا نہ صرف ادارے کے وقار پر حملہ ہے بلکہ ملک میں جمہوری اقدار، آزادیٔ اظہارِ رائے اور شہریوں کے آئینی حقوق پر قدغن لگانے کے مترادف ہے، جو ناقابلِ قبول اور تشویشناک عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ہر شہری اور ہر سیاسی جماعت کو پرامن سیاسی سرگرمیوں، اجتماع اور اظہارِ رائے کا مکمل حق دیتا ہے، مگر سندھ حکومت نے ان تمام آئینی و جمہوری حقوق کو پامال کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری کے ذریعے اپنے غیر جمہوری اور جابرانہ طرزِ عمل کا ثبوت دیا ہے۔ مرکزی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ گرفتار تمام سیاسی رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کے خلاف قائم کیے گئے جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں