کوئٹہ(این این آئی)حکومتی وفد سے آل پارٹیز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیرسگالی کے پیغام کے طور پر صوبہ بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ حکومت نے تمام گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔آل پارٹیز کے وفد میں عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف شامل تھیں۔ وفد میں اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے، پاکستان تحریک انصاف کے سلام آغا، ایچ ڈی پی کے رہنما عصمت یاری، اے این پی کے رہنما ثنا اللہ کاکڑ، نیشنل پارٹی کے میر عنایت بزدار، ملازمین کی طرف سے اسماعیل کاسی اور این ڈی ایم کے عنایت شاہ شامل تھے۔حکومتِ بلوچستان کی جانب سے مجاز کمیٹی کے اراکین میں صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر علی مدد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران زرکون اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ عارف خان اچکزئی شامل تھے۔ملاقات میں وفد نے بلوچستان کے موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا اور حکومت نے گرفتار ملازمین کی رہائی کا فیصلہ کیا، جبکہ 12 فروری کو آل پارٹیز کے اکابرین اور حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں التواء شدہ تمام مسائل کے حل کے لیے حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔

