موجودہ حالات کی نزاکت اس بات کی متقاضی ہے تمام طبقات ایک دوسرے کا سہارا بنیں، صبر، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی قاسم خان خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ تمام اقوام کا خوبصورت گلدستہ اور مشترکہ گھر ہے، جہاں صدیوں سے مختلف قومیتیں، مسالک اور قبائل باہمی احترام اور رواداری کے ساتھ زندگی بسر کرتے چلے آ رہے ہیں۔ اتحاد، اتفاق اور وحدت اس دھرتی کی اصل زینت اور خوبصورتی ہے، جسے نفرت، تعصب اور تفرقہ انگیز نعروں کے ذریعے کسی صورت اجڑنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی نزاکت اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام طبقات ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور صبر، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ تعصب، قومیت، علاقائیت اور فرقہ واریت پر مبنی بدبودار نعرے باہمی ہم آہنگی، وحدت اور اخوت کے لیے زہرِ قاتل ہیں، جن سے صرف دشمن کو فائدہ پہنچتا ہے۔ رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باہمی بھائی چارے، امن اور یکجہتی کو فروغ دیں، اور تقسیم در تقسیم کے نعروں میں الجھنے کے بجائے ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ سے امن، رواداری اور اسلامی اخوت کی علمبردار رہی ہے اور ہر اس سازش کو ناکام بنائے گی جو بلوچستان اور کوئٹہ کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچانے کے لیے رچائی جا رہی ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں