قاہرہ(این این آئی)وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدیمیر گوکتاش سے ملاقات کی جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ملاقات قاہرہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس ”مذہبی اور میڈیا بیانیے کا استعمال اور خواتین کے حقوق کے تحفظ و فروغ پر اس کے اثرات“کے موقع پر ہوئی۔ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی جس میں اعلیٰ سرکاری حکام بھی شامل تھے،انہوں نے اس اہم بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا بالخصوص خواتین کے بااختیار بنانے، سماجی ترقی، تعلیم، خاندانی بہبود اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان جامع تعلیم، صنفی مساوات اور خواتین کی سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کے لئے پْرعزم ہے جو قومی ترجیحات اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خواتین کو درپیش چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے جس کے لئے تعمیری مکالمہ، ذمہ دارانہ میڈیا کردار اور مثبت مذہبی بیانیہ ناگزیر ہے۔ ترکیہ کی وزیر نے پاکستان کی تعلیم اور سماجی شعبوں میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور خواتین و خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے دوطرفہ تعاون بڑھانے اور بہترین تجربات کے تبادلے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔فریقین نے مسلم دنیا میں خواتین کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، میڈیا نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جہاں خواتین کے بااختیار بنانے کے حوالے سے مذہب اور میڈیا کے کردار پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

