اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے بچوں کی غذائیت اور فلاح سے متعلق اہم پروگرامز کو ایک ہی نظام کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد غربت اور خوراک کی کمی جیسے مسائل سے بہتر اور مؤثر طریقے سے نمٹنا ہے۔یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور عالمی خوراک پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشی یاما کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ اس مشترکہ نظام کے تحت حکومت کے نشوونما غذائی پروگرام کو پاکستان بیت المال کے تحت چلنے والے سکولز فار ری ہیبیلیٹیشن آف چائلڈ لیبر (ایس ا?ر سی ایل) اور ویمن امپاورمنٹ سینٹرز (WeCs) کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ بچوں اور خواتین کو ملنے والی خوراک، تعلیم اور مالی و سماجی مدد ایک ساتھ اور بہتر انداز میں مستحق لوگوں تک پہنچ سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ پاکستان کے یہ پروگرام عالمی سطح پر گلوبل الائنس آن ہنگر اینڈ پاورٹی سے ہم آہنگ ہوں تاکہ ملکی اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہوں۔اس کے علاوہ سکولوں میں بچوں کو خوراک فراہم کرنے کے اقدامات جن میں سکول میلز پروگرام شامل ہے،پر بھی بات کی گئی۔ ان پروگرامز کو بچوں کی صحت بہتر بنانے اور سکول میں حاضری بڑھانے کے لئے اہم قرار دیا گیا ہے۔ ملاقات میں خوراک کے تحفظ کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر بھی بات ہوئی خاص طور پر سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات پر بات چیت کی گئی اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بہتر تیاری اور بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سماجی تحفظ اور غذائیت کی سہولیات کو آسان، منظم اور مؤثر طریقے سے مستحق خاندانوں اور بچوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ انہیں حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔

