آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،ہر اننگز کا آغاز 6 اوورز کے پاور پلے سے،میچ برابر رہنے پر فیصلہ سپر اوور میں ہوگا

نئی دہلی /کولمبو (این این آئی)بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری کو شروع ہونے والا آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس میں دونوں ٹیمیں 20، 20 اوورز کھیلیں گی، تاہم اگر کوئی ٹیم پہلے آؤٹ ہو جائے یا دوسری ٹیم ہدف وقت سے پہلے حاصل کر لے تو میچ ختم ہو سکتا ہے۔ ہر اننگز کا آغاز 6 اوورز کے پاور پلے سے ہوگاجس دوران فیلڈنگ کے مخصوص اور مختلف قوانین لاگو ہوں گے۔ہر میچ کا دورانیہ تقریبا 3 گھنٹے اور 10 منٹ ہوگا۔ ایک اننگز کے لیے ایک گھنٹہ 25 منٹ مختص ہوں گے جبکہ دونوں اننگز کے درمیان 20 منٹ کا وقفہ دیا جائے گا۔محدود اوورز کی کرکٹ میں سٹاپ کلاک قانون بھی لاگو ہوگا، جس کے تحت بولنگ کرنے والی ٹیم کو پچھلا اوور ختم ہونے کے60 سیکنڈ کے اندر اگلا اوور شروع کرنا ہوگا۔اسی طرح ہر ٹیم کو فی اننگز دو ناکام ریویوز کی اجازت ہوگی۔ اگر 20 اوورز کے بعد دونوں ٹیموں کا سکور برابر رہا تو میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں دونوں ٹیمیں 6،6 گیندیں کھیلیں گی اور زیادہ رنز بنانے والی ٹیم فاتح قرار پائے گی۔ اگر سپر اوور بھی برابر رہا تو فاتح کے فیصلے تک مزید سپر اوورز کھیلے جاتے رہیں گے۔گروپ مرحلوں میں کسی میچ کو نتیجہ خیز قرار دینے کے لیے کم از کم پانچ اوورز فی ٹیم کھیلنا ضروری ہوگاجبکہ سیمی فائنلز اور فائنل میں یہ حد 10 اوورز فی ٹیم ہوگی،اگر موسم کی خرابی کے باعث میچ اس مرحلے کے بعد روک دیا جائے تو نتیجہ ڈک ورتھ لوئس سٹرن (ڈی ایل ایس) طریقہ کار کے تحت نکالا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تاحال ناک آؤٹ میچز کے لیے ریزرو ڈے اور اضافی وقت سے متعلق پلیئنگ کنڈیشنز کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ اگر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو پہلا سیمی فائنل کولکتہ کے بجائے کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل بھی کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔اگر بھارت آخری 4ٹیموں میں جگہ بناتا ہے اور اس کا مقابلہ پاکستان کے علاوہ کسی اور ٹیم سے ہوتا ہے تو وہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی میں کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں