کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ پاکستان، سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے جبکہ جغرافیائی اعتبار سے بھی پاکستان کو خطے میں ایک منفرد اور اسٹریٹجک حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم نعمت ہے اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔یہ بات انہوں نے Explore & Invest in Pakistan Conference & Awards 2026 کے چوتھے ایڈیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں معزز سفارتکاروں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماؤں، سمندر پار پاکستانیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کانفرنس کے انعقاد پر منتظم ادارے Brain Designer و دیگر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اجاگر کرنے اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے لیے ایک بروقت اور نہایت اہم اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا روشن مستقبل اور سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ ملک کی ساٹھ فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو قدرتی وسائل اور ابھرتی ہوئی کاروباری صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل بناتی ہے۔ انہوں نے صنعت، زراعت، آئی ٹی، سیاحت، توانائی اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں موجود بے شمار مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی تاجر برادری، کاروباری حضرات اور سرمایہ کار ہیں جو روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تجارت کے فروغ اور معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں تمام صوبے اس کے رنگ ہیں اور سب مل کر اس کی خوبصورتی کو مکمل کرتے ہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نہ صرف پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں بلکہ قومی معیشت کے استحکام اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی سرمایہ کاری، تجربہ اور پاکستان پر اعتماد ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔سیدال خان ناصر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والے غیر ملکی عناصر ملک میں سرمایہ کاری، تجارت اور مختلف شعبوں کی ترقی کی راہ میں ہرگز رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں کسی قسم کی صلاحیت کی کمی نہیں، یہ نوجوان ملک کی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری، تجارت، صنعت اور سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ بطور ایوانِ بالا، سینیٹ آف پاکستان ملکی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی شراکت داری اور پبلک پرائیویٹ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے ایوارڈز تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ان افراد اور اداروں کے لیے خراجِ تحسین ہے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی، جدت اور عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرنے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسی تقریبات کارکردگی کے اعتراف کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے ایوارڈز کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے اور Brain Designer کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے اور عالمی سرمایہ کاروں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔

