کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علمائاسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دی گئی ہڑتال کے دوران پْرامن سیاسی کارکنوں پر پولیس تشدد انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ملک میں جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت مسلط کی گئی موجودہ حکومت نے ظلم و جبر، تشدد، شیلنگ اور بلاجواز گرفتاریوں کے حوالے سے دورِ آمریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ پْرامن احتجاج اور جمہوری جدوجہد ہر شہری کا آئینی حق ہے جسے طاقت کے زور پر دبانا کھلی فسطائیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کا یہ ناروا طرزِ عمل نہ صرف جمہوری روایات کی نفی ہے بلکہ عوام کے اندر اضطراب اور بے چینی کو مزید بڑھا رہا ہے۔ ہم سیاسی کارکنوں پر تشدد، شیلنگ اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط ٹولے نے ملک کو شدید سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین حالات سے گزر رہے ہیں مگر حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے حقیقی، منتخب اور عوامی نمائندہ حکومت ناگزیر ہے جمعیت علماء اسلام ہر سطح پر جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

