لاہور (این این آئی)محکمہ ریلویز نے سکھر ڈویژن میں مہراپور اور سیٹھارجہ اسٹیشنوں کے درمیان مال بردار ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات کا اعلان کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور سے تعلق رکھنے والے اعلی افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی واقعے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔ کمیٹی میں چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ/سیفٹی، چیف مکینیکل انجینئر(سی اینڈ ڈبلیو)اور چیف انجینئر اوپن لائن شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی آج (منگل)صبح 9 بجے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس سکھر کے کمیٹی روم میں تحقیقات کا آغاز کرے گی۔ تمام متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں اور واقعے سے متعلق تمام ریکارڈ ہمراہ لائیں۔انکوائری کے لیے جن افسران اور ملازمین کو طلب کیا گیا ہے ان میں ٹرین ڈرائیور محمد ارشاد، اسسٹنٹ ڈرائیور مزمل احمد، گارڈ انچارج اشرف زرداری، آن ڈیوٹی اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹرز، گیٹ مین، پی ڈبلیو آئی/ایم ایچ آر بمعہ گینگ مین، کی مین، ٹی آئی/پی ڈی این، ایچ ٹی ایکس آر/روہڑی، ایل آئی او-III، ایچ ٹی ایکس آر/میرپورخاص اور کوٹری سمیت دیگر متعلقہ اسٹاف شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحریری رپورٹس اور بیانات انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش کریں جبکہ گواہوں کو بھی تمام دستاویزات کی چھ عدد فوٹو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انکوائری کمیٹی حادثے کی اصل وجوہات، ذمہ داروں کاتعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

