کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا موقف قوم کے دلوں کا ترجمان ہے،8فروری 2024 کو جمعیت کو قومی اور صوبائی نمائندگی سے محروم کرنے والے آج ملک میں امن قائم کرنے سے قاصر ہیں۔ اس حوالے سے قومی انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام 12 فروری کو جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ میں منعقد ہونے والے سیمینار کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف تنظیمی اجلاس منعقد ہوئے۔ اس سلسلے میں مرکزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین و ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیمینار کے انتظامات، تشہیر اور شرکت کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور پروگرام کے انتظامات کی ذمہ داری حافظ مسعود احمد کے سپرد کرتے ہوئے شعبہ اطلاعات، ڈیجیٹل میڈیا اور مالیات کے ذمہ داران کو ان کے ساتھ شامل کیا گیا جبکہ سیکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات مولوی علی جان کے سپرد کیے گئے۔ اسی سلسلے میں سریاب ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس مدرسہ صدیقیہ جامع مسجد ابوبکر صدیق میں چیئرمین شیخ عبدالاحد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اراکین نے شرکت کرتے ہوئے ذمہ داریاں تقسیم کیں، جبکہ چلتن ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس مسجد تقویٰ باچاخان کالونی جمعیت روڈ میں ڈپٹی چیئرمین حافظ مسعود احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں حاجی عطا محمد شمشوزئی، مولوی جمال الدین حقانی اور مفتی نیک محمد فاروقی سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے اور اہم فیصلے کیے گئے۔ تکتو ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین حاجی قاسم خان خلجی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عبدالصمد حقیار، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، مولوی محمد سلیمان، شاہ زاہد مشوانی، مولوی علی جان اور سید سعد اللہ آغا نے شرکت کی جبکہ زرغون ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین مولانا محمد شعیب جدون کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 12 فروری کے سیمینار کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیمینار کو بھرپور، منظم اور کامیاب بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور کارکنان و عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔

