کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد سرپرست اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، مفتی نیک محمد، حاجی محمد شاہ لالا، حاجی نعمت اللہ اچکزئی، رحیم الدین ایڈوکیٹ، حافظ محمد عارف شمشیر اور دیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے قرآن و سنت کی روح سے بالاتر نہیں ہیں اور جو عناصر قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی میں حصہ لیتے ہیں وہ آئینِ پاکستان کی رو سے قابلِ مواخذہ اور مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے اور ریاستی نظام کو اسلامی اصولوں کے مطابق استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام 12 فروری کو منعقد ہونے والے سیمینار کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس حوالے سے مختلف ٹاؤنز کی سطح پر تنظیمی سرگرمیوں کو باقاعدہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کو کامیاب بنانے کے لیے کارکنان اور ذمہ داران بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور عوام کو سیمینار میں شرکت کی دعوت دیں تاکہ اسلامی نظام کے فروغ اور آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے واضح پیغام دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی اقدار کے تحفظ اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

