کولمبو(این این آئی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ مقابلوں کیلئے پریکٹس کرنے کے دوران پاکستانی بیٹر کی پاوور فل ہٹنگ سے گراؤنڈ کے باہر کھڑی کار کا شیشہ چکنا چور ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اس بار انوکھا واقعہ پیش آیا، سری لنکا میں گراؤنڈ کے باہر کھڑی ایک ہی گاڑی کا شیشہ کرکٹ بال لگنے سے دوبار ٹوٹا، پہلی دفعہ نیدرلینڈز کے اوپنر مائیکل لیویٹ کے چھکے سے اس گاڑی کا شیشہ ٹوٹا۔پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرنے والے نیدرلینڈز کے بیٹر مائیکل لیویٹ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کا یہ پہلا چھکا لگایا تھا جو سیدھا باہر کھڑی اس کار کے شیشے کو لگا۔بعد ازاں اس کار کے سری لنکن مالک نے تقریباً 30 ہزار سری لنکن روپے میں اس کا شیشہ ٹھیک کروایا۔امریکا کے خلاف میچ سے قبل جب دوسری دفعہ گراؤنڈ میں پاکستان کی ٹیم پریکٹس کررہی تھی تو پاکستانی بیٹر نے اونچا چھکا لگایا اور اسی گاڑی کا شیشہ دوسری بار ٹوٹا۔اس دفعہ گاڑی کا شیشہ بنوانے پر مالک کے 28 ہزار 500 روپے لگ گئے اور یہ خرچہ بھی اسے برداشت کرنا پڑا۔

