نیشنل پارٹی کا ہندو برادری کو ہولی کی دلی مبارکباد، امن و بھائی چارے کا پیغام

کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے انسانی حقوق انیل غوری نے ہندو برادری کو رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی محبت، رواداری، امن اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام دیتی ہے۔ یہ تہوار ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ نفرتوں کو مٹا کر رنگوں کی طرح خوشیاں ایک دوسرے میں بانٹی جائیں اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی اور کثیرالمذاہب ملک ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری صدیوں سے باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔ ہندو برادری نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی ترقی، معیشت، تعلیم اور سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انیل غوری نے کہا کہ نیشنل پارٹی اقلیتوں کے آئینی، جمہوری اور انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ مذہبی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ تمام اقلیتوں کو مساوی مواقع اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہولی کا تہوار ہمیں نفرت، تعصب اور عدم برداشت کے اندھیروں کو ختم کرکے محبت اور یگانگت کے چراغ جلانے کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس موقع پر اس عزم کی تجدید کریں کہ پاکستان کو امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال بنائیں گے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ ہولی کا یہ خوشیوں بھرا تہوار ہندو برادری کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کا پیغام لے کر آئے اور ملک میں محبت اور بھائی چارے کی فضا مزید مضبوط ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں