جعفرآباد (عطا محمد کھوسہ) جعفرآباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شہری اتحاد، انجمن تاجران، ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک افواج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے شہر کی اہم شاہراہوں پر مارچ کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے پاک افواج کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی بقا و سلامتی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگراموں کا مقصد عوام میں اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر سکیں۔
ریلی اختتام پذیر ہونے پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

