صحبت پور (عطا محمد کھوسہ ) کھیل اور تندرستی نوجوان نسل کیلئے بہترین اقدام ہے۔ اسی جذبے کے تحت فرید آباد میں منعقدہ شہید فرید آباد خان نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ٹورنامنٹ کی ایک اہم رات کے موقع پر مہمانِ خصوصی جان محمد (ڈی ایس پی بھاگ) اور معزز شخصیت عاجز علی کھوسہ (کونسلر) تھے۔ مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھتی ہیں اور معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔
ڈی ایس پی جان محمد صاحب نے ٹورنامنٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے 30 ہزار روپے کا اعلان کیا، جس پر شرکاء اور منتظمین نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو کھیل دوست روایت قرار دیا۔
کونسلر عاجز علی کھوسہ نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے۔
علاقہ مکینوں نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے مثبت پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔

