لاہور:
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے 199 رنز کے تعاقب میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ جاری ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے حیدر آباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور محمد نعیم نے جارحانہ آغاز کیا اور 6 اوورز میں 64 رنز بنائے اور 8 اوورز میں 84 رنز کی شراکت قائم کی۔
محمد نعیم 19 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے، جس کے بعد عبداللہ شفیق بیٹنگ کے لیے آئے تاہم فخر زمان کی جانب سے ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں عبداللہ شفیق کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی جبکہ اس دوران فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
فخر زمان بھی جلد ہی 94 کے مجموعی اسکور پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے آؤٹ ہوگئے اور عبداللہ شفیق کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے پرویز حسین ایمان کا ساتھ نہ دے سکے، پرویز حسین 13 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا سکے۔
حسیب اللہ خان اور سکندر رضا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 17 ویں اوور میں ٹیم کے 150 رنز مکمل کیے۔سکندر رضا 10 گیندوں پر 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم حسیب اللہ خان نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔
حیدرآباد کنگزمین کے رائلی میریدتھ اور حسان خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں، محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں وکٹوں پر199 رنز بنالیے۔
حیدرآباد کنگزمین نے بڑے ہدف کے تعاقب میں ناقص آغاز کیا اور عثمان خان صرف 25 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد صائم ایوب کی بیٹنگ 17 رنز کی اننگز تک محدود رہی۔
حیدرآباد کنگزمین نے 10 اوورز میں 5 وکٹوں پر 72 رنز بنالیے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور دیگر اہم شخصیات نے پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ سے قبل مختصر تقریب میں شرکت کی، سابق کپتان وسیم اکرم نے ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد نعیم، فخر زمان، عبدااللہ شفیق، پرویز حسین ایمان، حسب اللہ خان(وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، حارث رؤف، مستفیض الرحمان، عبیدشاہ
حیدرآباد کنگزمین: مارنوس لیبوشانے (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، کوسل پریرا، عرفان نیازی، رضوان محمود، حسن خان، حماد اعظم، رائلی میریدتھ، محمد علی، عاکف جاوید

