معاشرے میں بڑھتی عدم برداشت سنگین جرائم کے فروغ کا سبب بنتی جا رہی ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر و امیر ضلع کوئٹہ شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مرکزی مجلسِ فقہی کے سربراہ و ضلعی سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد، حاجی نعمت اللہ اچکزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت انتہائی تشویشناک اور خطرناک رجحان کی صورت اختیار کرچکی ہے جو سنگین جرائم کے فروغ کا بنیادی سبب بن رہی ہے۔ اسلامی تعلیمات سے دوری اور دینی اقدار سے انحراف کے باعث انسانیت زوال اور انتشار کا شکار ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں قتل و غارت گری جیسے سنگین جرائم معمول بنتے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں معمولی تنازعات اور رنجشیں جان لیوا صورت اختیار کر رہی ہیں جو ایک مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے علماء کرام، آئمہ و خطباء پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے معاشرے میں رواداری، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نوجوان نسل کی مؤثر تربیت کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں فتنہ و فساد سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ علماء اور اہلِ دین کی صحبت سے دوری کے باعث معاشرہ اخلاقی انحطاط اور فکری انتشار کا شکار ہو رہا ہے جبکہ اسلام رنگ و نسل، زبان اور علاقے کی بنیاد پر تفریق نہیں بلکہ تقویٰ، پرہیزگاری اور اخوتِ اسلامی کا درس دیتا ہے۔بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرے کے کمزور اور مظلوم طبقات کی معاونت اور داد رسی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے باہمی عداوت، نفرت اور عدم برداشت نہ صرف معاشرتی مسائل کو جنم دیتی ہے بلکہ اجتماعی امن و استحکام کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں